پیپلز پارٹی کی پنجاب میں تنظیمی ڈھانچے کو فعال کرنے کیلئے سرگرمیاں تیز

لاہور (میاں ذیشان) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے، تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انتخابی مقابلے کی تیاری کیلئے اہم تنظیمی تبدیلیوں اور سیاسی حکمت عملی پر کام تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور 11 نومبر کو کراچی سے 7 روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گی۔ اپنے دورے کے دوران فریال تالپور پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں 14 نومبر تک پارٹی کی ضلعی تنظیموں، مختلف ونگز کے وفود اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی جبکہ لاہور سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں پارٹی تنظیموں کی کارکردگی، انتخابی تیاریوں، عہدیداروں کی فعالیت اور عوامی سطح پر جماعت کی موجودگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائیگا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی جانب سے فریال تالپور کو پنجاب کی تنظیمی صورتحال، مختلف اضلاع میں پارٹی کی سرگرمیوں، تنظیمی کمزوریوں اور انتخابی امکانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ ڈویڑنل، ضلعی، تحصیل اور سٹی سطح کی تنظیموں کے عہدیداروں، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، ویمن ونگ اور دیگر ذیلی تنظیموں کے وفود سے ملاقاتوں میں تنظیمی مسائل اور کارکنوں کی شکایات بھی زیر بحث آئیں گی۔ دورے کے دوران غیر فعال عہدیداروں، عوامی رابطوں سے لاتعلق رہنے والے ذمہ داران اور انتخابی سرگرمیوں میں مطلوبہ کردار ادا نہ کرنے والی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ان کی تبدیلی یا ذمہ داریوں میں ردوبدل کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔ دوسری جانب آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی نامزدگی دورے کے اہم ترین ایجنڈوں میں شامل ہے، کیونکہ وسطی پنجاب کی تنظیم پہلے ہی اپنے 31 تنظیمی یونٹس، جن میں 26 اضلاع اور پانچ بڑے شہر شامل ہیں، کو یونین کونسل کی سطح پر موزوں امیدواروں کی نشاندہی اور فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر چکی ہے۔ امیدواروں کے انتخاب میں متعلقہ حلقے میں سیاسی اثرورسوخ، عوامی رابطوں، انتخابی حیثیت، پارٹی سے وابستگی اور مقامی سطح پر کامیابی کے امکانات کو بنیادی اہمیت دی جائے گی، جبکہ لاہور میں میئر، ڈپٹی میئر، یونین کونسل چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کیلئے موزوں امیدواروں کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ فریال تالپور کی جانب سے مضبوط انتخابی پینل تشکیل دینے، نوجوانوں اور دیرینہ کارکنوں کو آگے لانے اور ضرورت کے مطابق دیگر سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کے امکانات پر مشاورت متوقع ہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ماضی میں پیپلز پارٹی سے علیحدہ ہونے والی سیاسی شخصیات اور بااثر مقامی رہنماﺅں کو دوبارہ جماعت میں شامل کرنے کیلئے بھی رابطوں کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ مختلف اضلاع میں پارٹی کا انتخابی اثرورسوخ بڑھایا جا سکے۔ فریال تالپور حالیہ دنوں میں راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ ڈویژن اور ضلع سیالکوٹ کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں بھی بلدیاتی انتخابات کو آئندہ عام انتخابات کی تیاری کا اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے تنظیموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایات دے چکی ہیں۔ پنجاب میں تنظیمی رابطوں کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنانے اور تنظیمی فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے فریال تالپور کے باقاعدہ دوروں کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ دوسری جانب پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کے مطابق فریال تالپور پنجاب کے معاملات کی نگرانی کریں گی، تاہم اہم تنظیمی و سیاسی فیصلے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مشاورت کے بعد کیے جائیں گے۔ اس تناظر میں فریال تالپور کے 7 روزہ دورہ لاہور کے دوران بلدیاتی امیدواروں کی ابتدائی فہرستوں، ضلعی تنظیموں کی کارکردگی، غیر فعال عہدیداروں کی تبدیلی، نئے سیاسی رابطوں اور انتخابی مہم کے طریقہ کار سے متعلق اہم پیشرفت متوقع ہے جس کا بنیادی مقصد پیپلز پارٹی کو پنجاب میں یونین کونسل کی سطح سے صوبائی سطح تک ایک منظم، فعال اور مﺅثر سیاسی قوت کے طور پر دوبارہ متحرک کرنا ہے۔