آئی ایم ایف کا سرکاری اداروں سے متعلق قوانین میں تاخیر پرتشویش کا اظہار

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات جاری ہیں، حکومت سرکاری اداروں سے متعلق قوانین میں ترامیم کی چوتھی ڈیڈلائن بھی پوری نہ کرسکی جس پر آئی ایم ایف نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں سرکاری اداروں سے متعلق قوانین کو مرکزی ایکٹ سے ہم آہنگ کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی، حکومت نے قوانین میں ترامیم کیلئے ایک بارپھر نئی ڈیڈ لائن لے لی ہے، آئی ایم ایف نے ترامیم نومبر کے وسط تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے واپڈا میں موثر گورننس ماڈل نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور گورننس ڈھانچے میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ مذاکرات میں نیب چیئرمین کی تقرری کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، نیب چیئرمین کی تقرری شفاف بنانے کیلئے احتساب آرڈیننس میں ترمیم بھی زیرغور ہے۔