مذاکرات کے نئے دور کا امکان مسترد، سفارتکاری وجنگ کیلئے تیار ہیں،ایران


واشنگٹن،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)ایران نے مذاکرات کے نئے دور کاامکان مسترد کرتے ہوئے کہاہے سفارتکاری و قیامت خیز جنگ کیلئے تیار ، فیصلہ ٹرمپ کو کرنا ہے۔

جنرل اسمبلی میں شریک ایرانی عہدیدار نے کہاامریکہ میں موجود وفد کا امریکہ سے مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں۔

ادھر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ایرانی فورسز نے جنوبی ایران کے ساحلی پانیوں سے دشمن افواج کو پیچھے دھکیل کر بحیرہ عرب منتقل کردیا،دشمن افواج کو جلد بحیرہ عرب سے بھی باہر نکال دیا جائےگا، ایرانی فورسز دشمن افواج کو بحیرہ عرب سے نکالنے کےلئے جلد کارروائی کریں گی۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہاامریکہ سے دوبارہ جنگ شروع ہونے کی صورت میں ایران مکمل طور پر تیار،معاملہ قیامت خیز جنگ تک بھی پہنچ جائے تو ایران موقف پر ڈٹا رہے گا، سفارت کاری کےلئے بھی بدستور تیار ہےں،فیصلہ اب امریکی صدر ٹرمپ کو کرنا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ایران اب بھی ثالثوں کے ذریعے باضابطہ امریکی جواب کا منتظر ہے،تجویز کے تحت طے شدہ اقدامات کے بعد چھٹے روز آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی، ساتویں روز حتمی معاہدے کےلئے مذاکرات شروع ہوں گے،ایران کے پاس موجود 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو مستقبل کے مذاکرات میں زیر غور لایا جا سکتا ہے بشرطیکہ واشنگٹن نیک نیتی ،قیامِ امن کےلئے حقیقی عزم کا مظاہرہ کرے۔

اعلیٰ فوجی کمانڈر ریئر ایڈمرل حبیب سیاری نے کہاایرانی افواج کو آبنائے ہرمز ،خلیج فارس پر مکمل کنٹرول حاصل ،کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کےلئے فوجی تیاریاں مکمل ہیں،ایرانی افواج بحیرہ عمان کے شمالی حصے ،آبنائے ہرمز کے مشرق میں بھی بھرپور طاقت کےساتھ موجود ہیں اور کسی کو گزرنے نہیں دیں گے،ہر جنگ فوج کےلئے نئے تجربات ،سباق لے کر آتی ہے،فوج ماضی کے مقابلے میں زیادہ تیار اور مستقبل میں سامنے آنے والے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا امریکہ کہتا ہے ایران کا آبنائے ہرمز پر کوئی کنٹرول نہیں، عالمی منڈیوں میں تیل قیمتوں پر جنگ سے پہلے کے مقابلے میں 50 ڈالر اضافی پریمیم عائد ہے یا تو مارکیٹ احمق ہے جو تیل اتنی زیادہ قیمت پر خرید رہی ہے یا پھر امریکہ کابیانیہ گھڑنےوالا نظام آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے، امریکہ کی بات پر یقین کرنے والوں کےلئے آبنائے ہرمز میں مفت ڈالر چھاپنے کی مشین لگی ہے جائیں لے لیں۔