لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا بالکل استعمال نہیں کیا جائیگا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کیلئے ہر فریق کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ بیرسٹر گوہر نے محسن نقوی کے ساتھ ملاقاتوں متعلق کہا کہ محسن نقوی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، مذاکرات ہونے چاہئیں، فی الحال ماحول ٹھنڈا ہے اور کوئی بات نہیں بن سکی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج میں کوئی قانون نہیں توڑیں گے اور نہ راستے بند کریں گے جبکہ لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کا بالکل استعمال نہیں کیا جائیگا۔ انکا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت کو آئی جی خیبر پختون خوا سے حلف نامہ طلب نہیں کرنا چاہئے تھا، ایسا تاثر بھی نہیں دینا چاہیے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پولیس آپس میں لڑ پڑیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد کار بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صوبے نے گزشتہ سال پولیس محکمے پر 45 ارب روپے خرچ کئے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یقینی بنائیں گے کہ پولیس میں سیاسی مداخلت نہ ہو، وزیراعلیٰ کو پولیس کے اختیارات ملنے کے بعد وہ انہیں من پسند بنیادوں پر استعمال نہیں کریں گے بلکہ پولیس کی بہتری کیلئے اقدامات کریں گے۔