اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں اور برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ روایتی شعبوں کے ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کیلئے تیار کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تجارت کو متنوع بنانے کیلئے شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے اور برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے برآمدی صنعتوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی و کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔
پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں: وزیراعظم
















