لاہور (اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پبلک افیئرز کے سربراہ حمزہ شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کریں گے جبکہ وزارتوں کی کارکردگی میں مزید بہتری کےلئے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف جنہیں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ہیڈ آف پبلک افیئرز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے انہوں نے وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کے تناظر میں سر گرمیاں شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف مختلف وفاقی وزارتوں کا دورہ کر کے ان کی گزشتہ ڈھائی سال کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ وزرا ءاور افسران سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کی جس میں وزارت کی کارکردگی، بجلی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کر کے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اسی تناظر میںحمزہ شہباز شریف وزارت اطلاعات بھی گئے جہاں انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ افسران سے ملاقات کی اور وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف وزارتوں کے دورے اور وزراءسے ملاقاتوں کے بعد کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں گے جبکہ اس کے علاوہ مزید بہتری کےلئے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حمزہ شہباز شریف اراکین قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں اور وزارتوں سے متعلق ان کے مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں جس کے بعد متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔
حمزہ شہبازوزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرینگے

















