معاشی بحالی کا مرحلہ عبور،طویل مدتی تبدیلی کیلئے عزم پختہ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی ،مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا،ملاقات میں پاکستان و ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ ،نئی کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی (سی پی ایس) 2026-2030 کے تحت ترجیحی شعبوں میں اقدامات پر غور کیا گیا۔

شہباز شریف نے ینگ منگ یانگ کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں شہری بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ ،عوامی خدمات کے اہم منصوبوں کی تکمیل میں اے ڈی بی کی مسلسل پیشہ ورانہ کارکردگی ،بروقت تعاون کو سراہتے ہوئے کہاپاکستان نے سخت مالیاتی، ساختی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مشکل معاشی بحالی کے مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا ،اصلاحات کے نتیجے میں معیشت میں استحکام آیا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ،فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی سمیت عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کےلئے مستحکم معاشی منظرنامے کی درجہ بندی کر دی۔

وزیراعظم نے طویل مدتی معاشی تبدیلی کےلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کےلئے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے مو¿ثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،ملاقات میں کراچی سے پشاور تک مین لائن1 (ایم ایل1) ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی گئی جو قومی بنیادی ڈھانچے کی اہم ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا ایم ایل1 کی اپ گریڈیشن مال برداری نظام جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط مضبوط اور بڑے صنعتی منصوبوں کو فروغ دینے کےلئے انتہائی اہم ہے،ملاقات میں ایم ایل1 منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، ملک میں رابطوں کے نظام کو جدید بنانے کے عمل کو تیز کیا جا سکے،ملاقات کے اختتام پر عزم کا اظہار کیا گیا کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی 2026-2030 کی ترجیحات کو ٹھوس ،مو¿ثر اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا جو پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینے کےساتھ پاکستانی عوام کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

دریں اثنااقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ہمراہ تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ منشور کے اصولوں و مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہابین الاقوامی قانون ،بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،پاکستان کثیرالجہتی نظام ، عالمی امور میں اقوام متحدہ کے موثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا،موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اقوام متحدہ پلیٹ فارم ،کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،امید ہے اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل 3بنیادی ستونوں یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر باہم مربوط و متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔

سفیر اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ ،اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کےلئے پاکستان کی نمایاں خدمات پر گہری تشکر کا اظہار کیا،بین الاقوامی امن و سلامتی کےلئے کوششوں میں پاکستانی قیادت اور اہم کردار کو سراہا۔