کرپشن کیخلاف خصوصی سیل قائم،کسی کو عوام کا پیسہ نہیں کھانے دوں گی، مریم نواز

لاہور:(نمائندہ خصوصی)کرپشن اوربدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرنس، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کرپشن کی نشاندہی و کارروائی کےلئے خصوصی خفیہ سیل قائم ، کرپشن و بدعنوانی کیخلاف عوام کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن1350فعال ، وزیراعلیٰ نے خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست پیش کرکے گرفتاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کیخلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کابھی فیصلہ کیا ہے، ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قراردیا گیا۔ ہر شکایت پر کارروائی ہو گی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائیگا۔ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر سکتی ہے۔

مریم نواز نے کہا لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہو گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے لئے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کئے گئے ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ جو اچھا کام کرے گا اسکی حوصلہ افزائی کے لئے سی ایم میرٹ بیج ہے اور جو کرپشن کرے گا وہ قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا کسی کو عوام کا پیسہ کھانے نہیں دوں گی۔کرپشن کے مقدمات میں عہدہ تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز(ڈی جی پی آر)کی ری سٹرکچرنگ کا حکم دیااور ادارے کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن پر بھی زوردیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری دی اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم نواز نے کہا عوام تک بروقت اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کیلئے دور حاضر کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔ کمیونیکیشن آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، سمجھنا ضروری ہے۔ ڈی جی پی آر کو دورحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے موبائل وٹرنری فلیٹ کا افتتاح کیا۔ خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹیٹ آف آرٹ موبائل وٹرنری ڈسپنسری،وٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کی اور ماڈل وٹرنری ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔ مزید 30 موبائل وٹرنری ڈسپنسری اور 17 موبائل وٹرنری لیب کا آغاز کر دیا گیا۔پنجاب میں 206 2موبائل وٹرنری ہسپتال فنکشنل ہو گئے۔ موبائل وٹرنری ڈسپنسری میں الٹراساونڈ،ایکسرے یونٹ اور موبائل وٹرنری لیبارٹری میں موقع پر ہی 40ٹیسٹ کئے جا سکیں گے۔ موبائل وٹرنری ہسپتال میں مویشیوں کی بیماریوں کی سکریننگ/ سرویلنس کی جائے گی۔