سندھ صدیوں سے قائم آئندہ بھی ایک رہے گا،تقسیم کا فیصلہ صرف سندھ اسمبلی کرےگی،مراد علی شاہ

کراچی(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کا فیصلہ لاہور کے کاروباری افراد، کسی عدالت، جلسے یا ٹی وی کے سیمینار میں نہیں بلکہ صرف سندھ اسمبلی میں ہوگا، سندھ کے منتخب نمائندے ہی صوبے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ سندھ صدیوں سے قائم ہے اور آئندہ بھی ایک رہے گا۔سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی ماضی میں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کرچکی ہے جبکہ فروری میں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر اس بار مزید تفصیلی بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے پر آج، کل یا پرسوں تک بحث جاری رکھی جاسکتی ہے اور بحث کو درست نتیجے تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا التوا کی تحریک کا نتیجہ پہلے ہی واضح ہے، سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوگا۔ سندھ کی تقسیم کا فیصلہ صرف سندھ اسمبلی کرے گی اور سندھ اسمبلی ہی اس معاملے پر بحث اور حتمی فیصلہ دے گی۔