جدوجہد رکنے والی نہیں،بھتہ لیوی ختم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہو گا،نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے عوام کے حقوق کی جدوجہد رکنے والی نہیں،بھتہ لیوی ختم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہو گا، پی ڈی ایم حکومت نااہل اور کرپٹ ، ن لیگ ، پی پی اور ایم کیو ایم کرپشن کا گھناونا امتزاج ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنا کے بارہویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الرحمن نے کہا سانحہ پمز سے پوری قوم غم میں مبتلا ہے ، ہر سانحے کے بعد حکومت اگلے سانحے کا انتظار کرتی ہے، ذمہ داران کو کوئی نہیں پوچھتا،امیر جماعت اسلامی نے بچوں کے جلنے کے اندوہناک واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہسپتال میں کوئی حفاظتی اقدامات نہ تھے، نظام کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رہے گی، جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد اقامت دین ہے، ہم اتحاد امت کے داعی ہیں، امت کو فرقوں میں تقسیم کرنے والے ہم میں سے نہیں، ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، 40 سال سے اقتدار میں بیٹھی ن لیگ اور پی پی آپس میں نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں، ہسپتالوں سے بچے چوری ہو جاتے ہیں ، یہ حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے تاہم انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، مہنگائی اور بدحالی کے باوجود یہ اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں، پمز سانحہ پر افسران کی معطلی مسلم لیگ ن کی ڈرامے بازیاں ہیں، صرف سیکرٹری ہیلتھ کو معطل کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا ۔