ریسکیو دنیا کے نمبر ون ایمرجنسی اداروں میں شامل، مریم نے سہولیات فراہم کر دیں، عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے موثر اقدامات کیے ہیں جس کے تحت پنجاب کی 39 تحصیلوں میں 39 نئی فائر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، 39 تحصیلوں میں فائر ریسکیو سروسز کی فراہمی کے منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے، منصوبے کے تحت 273 فائر فائٹرز اور 156 ڈرائیورز سمیت مجموعی طور پر 429 اہلکار تعینات کیے جائیں گے،فائر ریسکیو اہلکاروں کےلئے 78 سانس لینے کے حفاظتی آلات، 273 حفاظتی لباس اور مواصلاتی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے، منصوبے کا مقصد تحصیل کی سطح پر آتشزدگی کے واقعات میں بروقت امدادی کارروائی اور موثر آگ بجھانے کی سہولت یقینی بنانا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کی تمام تحصیلوں تک فائر ریسکیو سروسز کی توسیع کی منظوری دی جاچکی ہے جس کے لیے موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک ارب 88 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور منصوبہ جون 2027 تک مکمل ہوگا، پنجاب میں فائر اینڈ ریسکیو سروسز مکمل طور پر فعال ہیں اور تمام اضلاع میں فائر ریسکیو سروسز کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے، پنجاب ریسکیو نے اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 338 سے زائد آتشزدگی کے واقعات میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید اور پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کے ذریعے 794 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے بچاو یقینی بنایا ۔