بیجنگ،لاہور:(اپنے رپورٹر سے،مشرق نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 4 روزہ سرکاری دورے پرچین پہنچ گئیں، ارومچی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کے اعلیٰ عہدیدار ،سفارتی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
مریم نواز نے شن جیانگ سٹیٹ گیسٹ ہاوس کے کانفرنس سینٹرہال سے سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا، صوبے سنکیانگ کے پارٹی سیکرٹری چن شیاوجیانگ نے ملاقات کی،کمیونسٹ پارٹی سنکیانگ یغور کے ڈپٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو،کمیونسٹ پارٹی کے ہیڈ آف پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ وانگ جین زن، ایگزیکٹو وائس گورنر آف سنکیانگ یغور زانگ ینگ چن ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کمیونسٹ پارٹی لی کی یونگ بھی موجود تھے،پارٹی سیکرٹری چن شیاو جیانگ نے پرتپاک خیر مقدم کیا، ملاقات میں زراعت، آبپاشی ،لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے،زراعت کے فروغ کیلئے جدید ترین ایریل وہیکل، جدید واٹر لیولنگ ،ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ اختیار کرنے پراتفاق کیاگیا،وزیراعلیٰ نے چینی حکام کو ایگریکلچر میکانائزیشن، واٹر ایفی شینٹ،ایریگیشن اور لائیوسٹاک میں اشتراک کار کی پیشکش کی، ملاقات میں بہتر پیداوار کیلئے چین کے آزمودہ بیج کے استعمال کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مریم نوازنے کہا پنجاب زرعی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ، پنجاب ملک بھر میں گندم، مکئی، گنا ، چاول کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے، پنجاب کارپوریٹ زون فارمنگ میں صوبے سنکیانگ کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے،پنجاب حکومت چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات ، نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزیدوسعت دینے کی خواہاں ہیں۔
قبل ازیں خصوصی اجلاس میں مریم نواز نے کرپٹ عناصر ،کرپشن کےخلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کرنے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی،اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس سٹیشن سے منسلک کرنے کافیصلہ،پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کیلئے 30ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے بچوں ،خواتین کیخلاف کرائم کے مکمل کنٹرول کیلئے پلان طلب ،بچوں ،خواتین کےخلاف جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں زیروٹالرنس پالیسی اپنانے، بدنام پولیس افسروں کو ایس ایچ او نہ لگانے کا حکم دیتے ہوئے قیدی وین میں جی پی ایس ،کیمرے نصب کرنے کی منظوری دے دی،مریم نواز نے کہاجس ضلع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی،بچے ،خواتین میری ریڈ لائن ہیں،ان کے خلاف جرائم پرکسی کو معاف نہیں کیا جائے گا،صوبے میں امن وامان پہلی ترجیح ہے،عوامی جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے طارق فاروق کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا سپیکر اوراحمد رضا قادری کو ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پرمبارکباددی،مزید برآں مریم نواز نے مری، لوئر باڑیاں (کے پی کے)کے قریب بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے مری و پنجاب کے دیگر ہسپتالوں میں زخمیوں کے بہترعلاج کی پیشکش کردی۔
مریم نواز کا پرتپاک استقبال،چینی حکام کومتعدد شعبوں میں اشتراک کار کی پیشکش


















