سینما گھروں کے اوقات کار میں نرمی کی جائے: فہد مصطفی

کراچی (مشرق نیوز) اداکار فہد مصطفی نے پنجاب حکومت سے سنیما گھروں کے اوقات کار میں نرمی کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو فلمیں دیکھنے کیلئے مناسب وقت مل سکے۔ فہد مصطفی نے اس حوالے سے وزیر اطلاعات و ثقافت مریم اورنگزیب کو ایک کھلا خط لکھا، اپنے خط میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت شاپنگ مالز اور ان کے اندر قائم سینما گھروں کو شام 8 بجے بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے باعث سنیما انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ زیادہ تر شائقین دن کے اوقات میں مصروف ہوتے ہیں اسلئے وہ صرف شام اور رات کے اوقات میں ہی فلمیں دیکھنے کیلئے آ سکتے ہیں۔ اداکار کے مطابق سینما گھروں کے اوقات محدود ہونے سے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں کی باکس آفس کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جو اس اہم عرصے میں ناظرین تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ فہد مصطفی نے کہا کہ اگر سنیما گھروں کے اوقات میں معمولی توسیع کر دی جائے تو اس سے نہ صرف ٹکٹوں کی فروخت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بہتر ہوں گے اور تفریحی شعبے کو بھی سہارا ملے گا۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے فلم انڈسٹری کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور میں فلم سٹی کے قیام جیسے منصوبے قابل تحسین ہیں تاہم انہوں نے درخواست کی کہ حکومت ایک ’معمولی نرمی‘ کے تحت سنیما اوقات میں توسیع پر غور کرے جو فلم سازوں، نمائش کنندگان اور شائقین تینوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ فہد مصطفی کی فلم زومبیڈ عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی اور ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی گئی۔