خیبر پختونخوا :آئندہ بجٹ میں 400 سے زائد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ

پشاور (بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں 400 سے زائد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 567 تک پہنچ جائےگی،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد جاری منصوبوں کی تکمیل جبکہ 20 فیصد نئے منصوبوں کےلئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ جاری سکیموں کو بروقت مکمل کیا جا سکے،حکومت نے بڑے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ڈی آئی خان موٹروے سمیت متعدد میگا پراجیکٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا،اقدام کا مقصد نجی شعبے کی شراکت سے ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا اور مالی وسائل پر دباو کم کرنا ہے،بجٹ میں گڈ گورننس منصوبے کو بھی ترقیاتی اور غیر ترقیاتی دونوں مدات میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت انتظامی امور میں بہتری، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا،حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 350 سے زائد اہم ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کی توقع ہے، جس سے مختلف شعبوں میں عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی،دوسری جانب آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے تھرو فارورڈ کو 1500 ارب روپے سے کم رکھنے کےلئے غیر ضروری اور کم ترجیحی منصوبوں کو ترقیاتی پروگرام سے نکالنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے،خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق ترقیاتی اخراجات کو زیادہ موثر اور نتائج پر مبنی بنانے کےلئے وسائل کا استعمال ترجیحی بنیادوں پر کیا جائےگا۔