سکردو (نمائندہ مشرق) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے فارم 45 کا بندوبست آپ کرلیں، 47 کا میں کرلوں گا،عوام انتخابی دن گھروں سے نکلیں، ووٹ ڈالیں اور فارم 45 حاصل کرکے گھر جائیں،گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا چاہتا ہوں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں آپ کریں،آج بھی ہمارا مطالبہ ہے گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن ہوں،امید ہے اس بار ہماری کوئی سیٹ چوری نہیں ہوگی،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے الیکشن اسی وقت ہوں جب پاکستان میں جنرل الیکشن ہوں، جب گلگت بلتستان اور پاکستان کا الیکشن ساتھ ہوا پھر صحیح معنوں میں حق حاکمیت یقینی ہوگی، میں تو پوری پی ڈی ایم کو ناراض کرکے آپ کے پاس آیا تھا، ایک بار پھر یہاں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں، آپ نے پیپلزپارٹی کو کبھی مایوس نہیں کیا، وہ غلط فہمی میں تھے عوام کیلئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں رہے گا، گندم اورپٹرول پر سبسڈی بھی جئے بھٹو کے نعرے کا نتیجہ، آج بھی غریب عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے، اگر پاکستان کے پاس جوہری قوت ہے تو وہ بھی جئے بھٹو کے نعرے کی وجہ سے ہے،چیئرمین پی پی نے کہا وہ ہر چیز کو اسلام آباد سے چلانا چاہتے ہیں، گوادر اور کراچی کو بھی اسلام آباد سے چلوانا چاہتے ہیں، اسلام آباد والے جو فیصلے کرتے ہیں آپ نے نقصان بھگتا ہے، دیگر پارٹیاں گلگت بلتستان اور گوادر کو بھی اسلام آباد سے چلانا چاہتی ہیں، اگر وفاق کنگال ہے تو سب سے پہلے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی وزارت بند کرے، میں چاہتا ہوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں،آپ کریں، سابق وزیر خارجہ نے کہا ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے، شگر سے لے کر بلوچستان کے ساحلوں تک خواتین کو سایہ ملتا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا تحفظ صرف پیپلزپارٹی کرسکتی ہے، دیگر جماعتیں کسی نہ کسی طرح بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنا چاہتی ہیں، اب ان کی نئی سوچ ہے کہ یہ پروگرام صوبوں کے حوالے کریں، دنیا بھر میں وفاقی حکومت یہ ذمہ داریاں اٹھاتی ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کا مطلب پروگرام بند کرنا ہے،میں بطور وزیر خارجہ افغانستان کو کہتا تھا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ماڈل بنائیں اور غریبوں کی مدد کریں، یہاں ایسی سیاسی جماعتیں جو اپنے ہی کامیاب منصوبے کو بند کرنے کی سازش کررہی ہیں لیکن ہم ان کی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔
گلگت انتخابی مہم ، فارم 45 کا بندوبست آپ نے کرنا ہے 47 کا میں کرونگا:بلاول بھٹو


















