پوری قوم ملکی سلامتی کیلئے مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے: مولانا عبدالخبیر آزاد

ساہیوال (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت کنونیئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب مولانا عبد الخبیر آزاد نے کی۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او رانا ایاز سلیم اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، علماءکرام، مشائخ عظام اور امن کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پاکستان کے عزم استحکام پروگرام، اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے علماءکرام بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور دفاع کیلئے پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے معرکہ حق بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کی روشن مثال رہا ہے۔ جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد، سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامی امور کیلئے جامع پلان ترتیب دیا جا چکا ہے جبکہ علماءکرام اور امن کمیٹیوں کے تعاون سے مثالی امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔آر پی او رانا ایاز سلیم نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور حساس مقامات، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔اجلاس میں شریک علماءکرام نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے درمیان مثالی ہم آہنگی موجود ہے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔