ماحولیاتی، فوجداری اصلاحات ،پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی ترمیمی بل منظور

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت آصف زرداری نے مختلف اہم ملکی امور اور قانون سازی سے متعلق فیصلوں کی منظوری دےدی، ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے21مئی2026کو متعدد اہم قانونی بلز اور سرکاری سمریوں کی منظوری دی جن میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف پلاسٹک بک کورز بل 2026 بھی شامل ہے، سینیٹر شیری رحمان کے پیش کردہ اس بل کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے،صدر نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دی،سینٹ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایکٹ 2026 کے ترمیمی بل کی منظوری دےدی جس کے بعد بل قومی اسمبلی کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے بھی منظور ہو گیا،ترمیمی بل کے تحت اب نجی شعبے سے بھی ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تعینات کیے جا سکیں گے، بل میں ڈی جی پی اے اے کی مدت ملازمت 3 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ وزیراعظم کو مزید 2 سال کی توسیع دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا،پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے بورڈ میں دفاعی ڈویژن کے نمائندے کو شامل کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ، ہنگامی صورتحال میں بورڈ اجلاس بلائے بغیر سرکولیشن کے ذریعے فیصلے کرنے کی اجازت بھی شامل ہے،ترمیمی بل میں مفادات کے ٹکراو سے بچاو کےلئے نئی شق شامل کرتے ہوئے پی اے اے افسران کو عہدے کے دوران کسی ایوی ایشن کمپنی میں مالی مفاد رکھنے سے روک دیا گیا ہے،قانون کے تحت پی اے اے افسران پر ریٹائرمنٹ کے بعد بھی 2سال تک کاروباری پابندیاں عائد رہیں گی تاکہ حساس معلومات کے غلط استعمال اور مفادات کے تصادم سے بچا جا سکے، اتھارٹی کے اہم فیصلے اب سرکاری گزٹ کے بجائے ویب سائٹ پر بھی جاری کیے جا سکیں گے،ترمیمی بل کے تحت پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے انتظامی اور مالی اختیارات میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، ایگزیکٹو کمیٹی کے ڈھانچے میں بھی اہم اصلاحات کی منظوری دی گئی ہے۔