تہران: (مشرق نیوز) ایران نے واضح کردیا مسلح افواج مکمل تیار،جارحیت کا بھرپور جواب دینگے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کمانڈر انچیف امیر حاتمی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملک کی جنگی تیاریوں اور دفاعی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
مسعود پزشکیان نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ملکی سلامتی کےلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ایرانی فوج نے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کے ذریعے ملک کی دفاعی صلاحیت اور طاقت کا موثر مظاہرہ کیا ۔
ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی نے کہا ایرانی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کےلئے مکمل طور پر تیار ، ملک کے دفاع کےلئے ہر سطح پر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے افزودہ یورینیم ملک سے باہر منتقل کرنے کی تجویز مسترد کر دی ،خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی قیادت کا موقف ہے یورینیم کے ذخائر کو بیرون ملک بھیجنے سے ایران مستقبل میں ممکنہ حملوں کے مقابلے میں کمزور ہو سکتا ہے، ہدایت ایرانی اسٹیبلشمنٹ کے اندر موجود اتفاق رائے کے بعد جاری کی گئی جسے ایران کی قومی سلامتی اور دفاعی حکمت عملی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران امریکی پیغام کا جواب دے رہا ، اختلافات کم کرنے کیلئے امریکی دھمکیوں کا خاتمہ ضروری ہے،بھیجے گئے پیغام نے کسی حد تک اختلافات کم کیے ہیں، تاہم ان اختلافات کو مزید کم کرنے کےلئے واشنگٹن کی جانب سے جنگ کی دھمکیوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔
جارحیت کا بھرپور جواب دینگے:ایران، افزودہ یورینیم منتقل کرنے سے انکار



















