ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اولڈ ہڑپہ روڈ کا دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج لائن بچھانے کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر واسا اکبر علی زاہد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران واسا حکام نے سیوریج لائن منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کام مقررہ وقت پر مکمل ہونا چاہیے۔ کمشنر نے علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات خصوصاً سیوریج مسائل اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ ایک ہفتے کے اندر کام مکمل کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر ساہیوال نے افسران کو ہدایت کی کہ دورانِ تعمیر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوام کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیر تعمیر سلاٹر ہاوس اور بیرون لاری اڈا میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور کنٹریکٹر نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بیرون لاری اڈا میں بسوں کی پارکنگ کیلئے جدید شیڈز، خواتین اور مردوں کیلئے الگ الگ مسافر خانے اور واش رومز، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور لاری اڈے کے داخلی و خارجی راستوں کو ماڈل طرز پر تعمیر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں اور انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعد ازاں کمشنر ساہیوال نے زیر تعمیر سلاٹر ہاوس کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاوس کی چار دیواری اور داخلی راستے کو بہترین ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا جائے تاکہ جانوروں کو ذبح خانے تک لے جانے میں آسانی ہو اور انتظامی امور بہتر انداز میں انجام دئیے جا سکیں۔
ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا : کمشنر ساہیوال



















