سندھ حکومت نے بھی کاروباری اوقات کی پابندی ختم کردی

کراچی:(بیورورپورٹ) سندھ حکومت نے بھی کاروباری اوقات کی پابندی ختم کردی، فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کھانے پینے کی دکانوں اور شادی ہالز پر ہوگا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کاروباری مراکز اب پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقات کار جاری رکھ سکیں گے،مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کےلئے مخصوص اوقات دراصل توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے تھے تاہم تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی گئی۔

شرجیل میمن نے کہا سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے، آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔