الٹی میٹم مسترد، پورا خطہ امریکہ کیلئے دوزخ بنا دینگے: پاسداران انقلاب

تہران (مشرق نیوز) پاسداران انقلاب ایران نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 48 گھنٹے کا الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے جنگ کا دائرہ بڑھانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے خطے کو امریکہ کیلئے دوزخ میں تبدیل کردیں گے۔ خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے امریکی صدر سے کہا کہ بھولنا مت اگر جارحیت بڑھائی تو پورا خطہ تمھارے لئے دوزخ میں تبدیل کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کو شکست دینے کا وہم پہلے ہی دلدل میں تبدیل کیا جاچکا ہے اور اب اس میں دھنس جائیگا۔اس سے پہلے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر دو روز میں یعنی پیر تک آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کو دوزخ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑیگا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، دس دن کی مہلت ختم ہورہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 روز پہلے کہا تھا کہ ایران کو مزید دس روز کی مہلت دی جارہی ہے، اس دوران توانائی تنصیبات پر حملے نہیں کئے جائیں گے۔ تاہم ان تنصیبات پر یہ حملے مسلسل جاری ہیں اور ہفتے کو بھی نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔