یوم علی پرپاکستان بھر کے تمام جلوسوں کو نماز مغرب تک ختم کرنے پر اتفاق


لاہور:(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی،ملاقات میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں 21 رمضان المبارک یوم شہادت امام علیؓ پر پاکستان بھر کے تمام جلوسوں کو نماز مغرب تک ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں دیگر جلوسوں کا دورانیہ بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں 21 رمضان المبارک یوم شہادت امام علی کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی حفاظت اور فول پروف سکیورٹی پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے علمائے کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا عزاداروں کی حفاظت اور سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائےگا،علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ،آج پاکستان آپ سے ایک بار پھر اتحاد و اتفاق کا تقاضا کر رہا ہے،موجودہ صورتحال میں علمائے کرام نے بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہے،پاکستان بھر کے اہل تشیع کے جید علمائے کرام نے حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علمائے کرام نے کہا دشمن کی سازش کو اتفاق کی قوت سے ناکام بنائیں گے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا،وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔