گل فراز شہید کے گھر آمد،اہل خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ پہنچے ،والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت لواحقین سے ملاقات میں شہید کیلئے دعا کی ،لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی۔

شہبازشریف نے کہا لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا،ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کردی،مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا ،اہل خانہ پر فخر ہے، وزیر اعظم نے کہا پاکستانی قوم اپنے شہدا،اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھیں گے،مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش سکول قائم کیاجائےگا۔

مزید برآں وفاقی حکومت کے 38 ارب روپے سے ملک کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کے تحت 12.1 ملین مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے امدادی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کی جا رہی ہے، 64 فیصد مستحقین کو امدادی رقم منتقل کی جا چکی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے حوالے سے وزیر اعظم ہاﺅس میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ سال کی پانچ ہزار روپے کی امدادی رقم کو بڑھا کر 13 ہزار فی خاندان کیا گیا تاکہ مستحق افراد کی رمضان کے بابرکت مہینے میں مناسب مالی مدد ہو سکے، ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکیج ہے، پچھلے سال کے کامیاب تجربے کے بعد وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کی تقسیم بھی شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد مستحق افراد تک پہنچائی جا رہی ہے۔

شہباز شریف نے رمضان پیکیج کےلئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مستحق افراد کو رقم کی فراہمی ایک انتہائی شفاف اور سہل ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے جس سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی اور عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی۔