اصلاحات وقت کا تقاضا ،بجٹ میں براہ راست ٹیکس کم کرینگے،وزیراعظم

اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کےلئے اقتصادی اصلاحات کو وقت کا اہم تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے مجموعی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ، برآمدات میں اضافے کی بے پناہ گنجائش ، بجٹ میں براہ راست ٹیکس کم کریں گے، گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے بہترین ثابت ہوگا، بالواسطہ ٹیکسز میں چوری کو روکا جائےگا،اڑان پاکستان پر عمل کرکے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کوچھوئے گا،صوبے، وفاق و عسکری قیادت ملکر کام کریں تو ملک کی جلد قسمت جلد بدل جائےگی۔

پاکستان گورننس فورم 2026 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا اڑان پاکستان پروگرام کو احسن اقبال بہترین انداز میں چلا رہے ہیں ،پاکستان کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گا،جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا ،بھرپور محنت نے دیوالیہ ہونے سے بچایا،2سالوں میں میکرو اقتصادی صورتحال ٹیم ورک کے نتیجے میں مستحکم ،وفاقی ،صوبائی حکومتوں ،عسکری قیادت کا اہم کردار ہے،مشترکہ کاوشوں سے ملک کو معاشی بہتری کی جانب گامزن کیا گیا،مجموعی اقتصادی صورتحال ماضی کے مقابلے میں حوصلہ افزا ہے۔

شہبازشریف نے کہا مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ ،پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر ساڑھے 10 فیصد پر ہے، آئی ٹی برآمدات 34 فیصد بڑھیں،بجلی ساڑھے 8 ،9 روپے یونٹ سستی،پی ڈبلیو ڈی ،یوٹیلیٹی سٹور جیسے اداروں کے خاتمے سے خزانے پر بوجھ کم ہوا ، نوجوانوں کو عصر حاضر کے علوم سے لیس کریں گے،صوبے، وفاق ، عسکری قیادت ملکر کام کریں تو ملک کی جلد قسمت جلد بدل جائے گی،اڑان پاکستان پر عمل کر کے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

وزیراعظم نے کہا بعض اصلاحات کاآئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں ،وقت کا تقاضا ہے عمل کریں،سولر پر سرمایہ کاری کرنےوالوں کو تحفظ فراہم کیا،بجلی شعبے میں بہتری کےلئے بھرپور کوششوں کا کریڈٹ وزیر بجلی اویس لغاری ،ٹیم کو جاتا ہے،200ارب کی بجلی چوری روکنا ہوگی،شوگر، سیمنٹ ، تمباکو کے شعبے بلواسطہ ٹیکس عدم ادائیگی میں سرفہرست ہیں، ملک میں براہ راست سرمایہ کاری لانے کی ضرورت ہے، جادومنتر سے قرضے ختم نہیں ہوں گے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

شہبازشریف نے کہا رواں سال رمضان میں 38 ارب ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے پورے ملک میں لوگوں کو گھروں تک پہنچا رہے ہیں ،قطاروں کاخاتمہ کردیا، ملک میں کاروباری پہیہ چلانے کےلئے اہم اقدامات کئے ،بڑا چیلنج و کٹھن سفر ملکر طے کرنا ہے،وفاقی ،چاروں صوبائی حکومتیں ملکر دن رات محنت سے چلتے رہیں تو میرا ایمان ہے پاکستان جلد اپنا کھویامقام حاصل کر لے گا،کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں، حالیہ دنوں بھرپور کانفرنس میں پاکستان کے بڑے برآمد کنندگان کی پذیرائی ،ٹرافیاں دی گئیں ،ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں ،عزم کر لیں تو پاکستان چند سالوں میں بہت سے ملکوں کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کے پاس موجود وسائل دنیا کے کئی ممالک کے پاس نہیں ،لائیوسٹاک ،ڈیری فارمنگ کے شعبے میں بہت صلاحیت ہے،صوبوں کو ساتھ لےکر چلیں گے ،سندھ، پنجاب خیبر پختونخوا ،بلوچستان میں بہت استعداد ،لائیو سٹاک ،ڈیری فارمنگ کی عالمی تجارت بڑھانا ہوگی ،تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے،آئندہ بجٹ میں براہ راست ٹیکسوں میں کمی لائیں گے تاکہ کاروباری برادری کو پتہ چلے سرمایہ ٹیکس کی نذر نہیں ہو تا لیکن بالواسطہ ٹیکسز بعض کاروباری افراد جمع نہیں کراتے، بالواسطہ ٹیکسزکی ادائیگی میں چوری کو روکا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہا ٹیکس جمع نہیں ہوں گے تو قرضے کیسے اتریں گے ،صورتحال کا اچھی طرح ادراک ہونا چاہئے ،یکسوئی کے ساتھ دن رات کوشش کر رہے ہیں، مختلف ممالک کے دورے کئے ،دوست و برادر ممالک سے پیغام ملا آپ کے قرضے رول اوور کر رہے ہیں،شکریہ تو ادا کرتے ہیں لیکن کیا خوشی کی بات ہے،کامیابی دوست ممالک سے قرضوں کی ری شیڈولنگ کی بجائے کاروباری معاہدوں میں ہے،جلد ملک میں سرمایہ کاری آئے گی،نوجوان آبادی بڑا اثاثہ،فنی ،پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے، وفاقی وزیر حسن اقبال کو ہدایت کی صوبوں کے ساتھ مل کر اڑان پاکستان کو عملی شکل دیں ،معیشت کئی ٹریلین ڈالر تک بڑھ سکتی ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی،صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت پرتفصیلی بریفنگ دی۔

شہبازشریف نے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہااتحادی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی ، مشاورت قومی استحکام و پالیسیوں کے تسلسل کےلئے ناگزیر ،مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے، متعلقہ وزارتیںصوبائی حکومت کےساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جا سکے۔

وزیراعظم نے اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا وفاق ،صوبوں کے درمیان مضبوط روابط سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی اور عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی،ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے۔