خیبر پختونخوا ،بلوچستان میں آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے 34خوارج کو جہنم واصل کردیا
راولپنڈی:(بیورورپورٹ)کے پی ،بلوچستان میں آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے 34خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چند روز کے دوران دہشتگردی کےخلاف مہم کے تحت تیز رفتار و انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے، خیبر پختونخوا میں 4علیحدہ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 26 خارجیوں کو انجام تک پہنچایا،لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3،بنوں کے علاقے نرمی خیل میں 2 علیحدہ جھڑپوں میں 10 ،شمالی وزیرستان میں 12 خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے بالمقابل پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنےوالے خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت پکڑا، موثر کارروائی میں خارجی ہلاک ہوگیا،شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی،سمبازہ، ضلع ژوب میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ،اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہلاک ہونےوالے دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے،سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کےلئے پرعزم ہیں،عزمِ استحکام ویژن کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
















