دوحہ (مشرق نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر ہم منصب اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماو¿ں نے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ? خیال، پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
رہنماو¿ں نے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، افرادی قوت و لیبر اور ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو لازمی قرار دیا گیا۔
دونوں فریقوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکانزم کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا جبکہ دونوں رہنماوں نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ مسائل پر رابطے میں رہنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شہبازشریف کی قطری ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

















