38ارب کا رمضان ریلیف پیکیج،ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار دینگے، وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق خاندانوں کےلئے 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے 38 ارب کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ملک کے کونے کونے میںمستحق خاندانوں کوادائیگیاںشفاف طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے کی جائیں گی،ان خیالات کااظہارانہوں نے رمضان پیکیج کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا رمضان پیکیج کی رقم 20 سے بڑھا کر 38 ارب کردی،مقصد مستحق افراد کو باعزت ریلیف فراہم کرنا ہے،چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں رقم شفاف نظام کے ذریعے تقسیم ہوگی، مستحقین کو فی خاندان 13 ہزار روپے دئیے جائیں گے،ماضی میںناقص اشیائے خور و نوش کےلئے مستحقین کو عزت نفس کی قربانی دےکر قطاروں میں لگنا پڑتا تھا، یوٹیلیٹی سٹورز کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا ۔

وزیراعظم نے کہا کوئی سیاسی تفریق نہیں ، نظام کو وضع کرنے کےلئے خود نگرانی کرکے مسائل ،رکاوٹوں کو دور کیا کیونکہ کیش لیس اکانومی ،ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کئی مشکلات تھیں، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نے شفافیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی،عوام کی شکایات سننے ،ازالے کےلئے سیل قائم کیا گیا،پروگرام پر موثر عملدرآمد کےلئے تواتر سے جائزہ لوں گا۔