اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد کی امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ،32افراد جاں بحق،160سے زائد زخمی،متعدد کی حالت نازک،اموات بڑھنے کاخدشہ ہے۔
ترلائی کلاں کی امام بارگاہ میں لوگ نماز جمعہ ادا کررہے تھے ،خود کش حملہ آور نے فائرنگ کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی،روکنے پر خود کو اڑا لیا،آواز دور دور تک سنی گئی ،ملحقہ گھروں،عمارتوں،گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور کاسکیورٹی پر مامور اہلکاروں کےساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، بمبار نے خود کو مرکزی دروازے پر اڑا یا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے 32افراد کے جاں بحق ،160 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا،ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ،زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات بڑھنے کاخدشہ ہے،سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شر وع کردیا،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری فوری پمز ہسپتال پہنچے ،زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
دریں اثنا امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا،پولیس نے آپریشنز،انویسٹی گیشن، سی ٹی ڈی، سی آئی اے پر مشتمل 3ٹیمیں تشکیل دےدیں،فرانزک،تحقیقاتی ٹیموں نے موقع سے تمام شواہد اکٹھے ،مختلف انسانی اعضا کے نمونے حاصل کر لیے ، امام بارگاہ کی طرف آنےوالے راستوں پر لگے کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئیں۔
ادھر صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہابےگناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کےخلاف جرم ،قوم مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کےساتھ کھڑی ہے،ذمہ داروں کاتعین کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، شر پسندی ،بدامنی پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اسلام آباد،امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ،32 افرادجاں بحق،160سے زائد زخمی
















