مسلح افواج ہر خطرے کےخلاف مکمل تیار ہیں: فیلڈ مارشل

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ، پاکستان کی مسلح افواج تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ، تیزی سے ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، چیف آف آرمی سٹاف کو بہاولپور گیریژن میں مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی جس میں بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی،اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) میں فیلڈ ایکسرسائز اسٹیڈفاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیاجس میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے وسائل اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا باہمی انضمام شامل تھا، مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتی ہے،جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےلئے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، فیلڈ مارشل نے مستقبل کے میدان جنگ اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہمہ وقت اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا،چیف آف ڈیفنس فورس نے اس بات پر روشنی ڈالی پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، جہاں ٹیکنالوجی میں ترقی اس ارتقا کو آگے بڑھا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں تمام سطحوں پر فکری تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے،مستقبل میں ٹیکنالوجی پر مبنی چالیں جسمانی چالوں کی جگہ لے لیں گی اور جارحانہ و دفاعی آپریشنز کے طریقہ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیں گی، اسی لیے پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں، اس عمل میں جدت، مقامی تیاری (انڈیجینائزیشن) اور مطابقت بنیادی ستون رہیں گے،قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب (ایس ٹی پی) کا افتتاح کیا، مقصد بالخصوص جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کےلئے ڈیجیٹل مہارتوں اور سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا ہے، سید عاصم منیر نے آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا، جو معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کے عزم کا مظہر ہے،بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورس نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور برقرار رکھنے کے نظام پر بریفنگ دی گئی، جو جدید ٹیکنالوجی، مقامی تیاری اور دیگر جنگی معاون اقدامات کے ذریعے انجام دی جا رہی ہے،اس سے قبل بہاولپور گیریژن پہنچنے پر چیف آف ڈیفنس فورس کا استقبال کمانڈر بہاولپور کور نے کیا، انہوں نے یادگارِ شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اور شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔