چیف جسٹس کے ڈیپوٹیشن پر لائے جج بغیر گواہ فیصلے کر دیتے ہیں، جسٹس کیانی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے بار سے کوئی جا کر چیف جسٹس کو نہیں بتاتا کیسے کیسے جج لاہور سے ڈیپوٹیشن پر لائے ؟ ایسے جج ڈیپوٹیشن پر لائے جو بغیر گواہوں کے فیصلہ کر دیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم ذیشان مسیح کی اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت نے استفسار کیا ایک ہی وقوعہ کی ایف آئی آر اور کراس ورژن کا ٹرائل و فیصلہ کیسے کیا گیا؟،پراسیکیوٹر جنرل معاونت کریں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ایک ہی وقوعہ تھا، 2 ٹرائل الگ الگ کر دئیے گئے، قانونی سوال ہے، وکیل دوسرے ٹرائل سے شہادت دکھا رہے ہیں تو وہ عدالت کیسے دیکھ سکتی ہے؟،وکلا چیف جسٹس سے ملکر بتائیں جج صاحب نے یہ آرڈر کر دیا یہ کون سے جج صاحب تھے؟ وکیل نے عدالت کو جواب دیا جج افضل مجوکہ نے کیس کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نے ریمارکس دئیے بار سے کوئی جا کر چیف جسٹس کو نہیں بتاتا کیسے کیسے جج لاہور سے ڈیپوٹیشن پر لائے ؟ ایسے جج ڈیپوٹیشن پر لائے جو بغیر گواہوں کے فیصلہ کر دیتے ہیں، ججز سے غلطیاں ہو سکتی ہیں، آپ پراسیکیوٹرز کی تو ٹریننگ کرائیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وکیل کے مطابق جج صاحب نے آو دیکھا نہ تاو اور فیصلہ کر دیا، قتل جیسے مقدمہ میں کوئی جج جلدبازی کرے گا تو ظلم ہو گا، میں ممبر انسپکشن ٹیم کو کہتا ہوں ججز کی بھی تھوڑی ٹریننگ کرائیں،غلطیاں ہو جاتی ہیں لیکن بدنیتی کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہئیں، ہائیکورٹ کا ماتحت عدالتوں کو سپروائز کرنے کا اختیار ، ہائیکورٹ نے دیکھنا ہے نیچے کی عدالتوں میں کیسے کام ہو رہا ہے،بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔