پاکستان مشکلات سے نکل آیا،وزیراعظم، آئی ایم ایف اصلاحات کا معترف

ڈیوس: (مشرق نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان مشکل حالات سے باہر آچکا ،اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، نوجوان خلیجی ممالک و دنیا کے دیگر حصوں میں ملازمتوں کےلئے تیار ہیں،پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی، معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہورہی ، آئی ٹی شعبے کی برآمدات بڑھانے کےلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں کو ہنرمند ،تربیت کی فراہمی کےلئے متعدد پروگرام شروع کیے ، انسداد دہشتگردی میں بھی مختلف ملکوں کےساتھ تعاون کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کامیابی کی مثال دیگر ممالک کیلئے پیش کررہا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی اقتصادی فورم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان کو اب برآمدات کے میدان میں کامیابی سمیٹنی ہے،ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، کان کنی ،معدنیات کے میدان میں کامیابی سے داخل،ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،پالیسی ریٹ22.5سے کم ہو کر10.5فیصد ہوگیا ، سماجی اشارئیے بہتر بنانے کےلئے مشترکہ و مسلسل کوششیں جاری ہیں، کرپٹو، اے آئی ،آئی ٹی شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا نوجوانوں کو ترقی کے وسیع مواقع فراہم کررہے ہیں،جدید علم کو حاصل کرنا نوجوانوں کیلئے چیلنج ہونے کے ساتھ بڑا موقع بھی ہے، ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ میں اصلاحات کی گئیں، ریونیو کلیکشن سسٹم مکمل ڈیجیٹل کر دیا،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، حکومت مکمل شفافیت کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے، پی آئی اے کی کامیابی سے نجکاری کی گئی، پوری قوم نے دیکھا نجکاری عمل میں لین دین کیسا شفاف تھا۔

شہبازشریف نے کہا معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے،امریکی و چینی کمپنیوں سے معاہدے کیے، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کررکھے ہیں،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں قدرتی وسائل کی بدولت ترقی کے نئے مواقع کھلے ،آئی ٹی و دیگربرآمدات میں حوصلہ افزا ترقی دیکھی گئی،خسارے کاشکار ادارے ،غیر معیاری اشیا فراہم کرنے والے یوٹیلیٹی سٹورز کو مکمل بند کردیا ، مالی خون ریزی ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی،مشکلات پیش آئیں، مفاد پرستوں کی جانب سے دباو¿ بھی آیا، کامیابیاں مشترکہ محنت و ٹیم ورک کانتیجہ ہیں،سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ،اندرونی وبیرونی قرضوں سے نکلنا ہے۔

دریں اثناوزیر اعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، عالمی اقتصادی نقطہ نظر اور ابھرتی معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف نے کرسٹالینا جورجیوا کو میکرو معاشی اصلاحات سے آگاہ کیا ،ایم ڈی آئی ایم ایف نے معاشی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے طویل المدتی اقتصادی لچک یقینی بنانے کیلئے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ، حکومت مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مسلسل عمل پیرا ، محصولات میں اضافے ،پائیدار ترقی کیلئے پرعزم ہےں،معاشی استحکام کیلئے اصلاحات کا عمل تیز رفتاری سے جاری رکھا جائے گا۔

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا پاکستان کی اصلاحاتی کوششیں قابل تحسین ہیں، طویل مدتی معاشی لچک کیلئے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنا ،کثیر الجہتی تعاون ناگزیر ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے فلسطین کے وزیراعظم ایم مصطفی نے ملاقات کرکے پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا،فلسطینی وزیراعظم خود چل کر شہباز شریف کے پاس آئے عالمی فورمز پر فلسطین کے موقف کی حمایت اور فلسطین کاز کیلئے پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔