ٹرمپ کی دعوت قبول،پاکستان غزہ امن بورڈ میں شامل،ترکیہ بھی حصہ بن گیا
اسلام آباد،واشنگٹن،تل ابیب،انقرہ،منامہ،ڈیووس:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)پاکستان غزہ امن بورڈ میں شامل،ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت قبول کرلی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اعلامیے میں کہا فیصلہ غزہ امن پلان ،سلامتی کونسل قرارداد کے عملی نفاذ کیلئے جاری کوششوں کاحصہ ،امید ہے فریم ورک کے قیام سے مستقل جنگ بندی کا نفاذ، فلسطینی عوام کےلئے انسانی امداد میں نمایاں اضافہ ،غزہ کی تعمیر نو کےلئے عملی اقدامات ممکن ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا امید ہے کاوشیں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار کریں گی، بین الاقوامی قانونی حیثیت ،متعلقہ اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق قابل اعتماد ، وقت کے تعین کےساتھ سیاسی عمل ناگزیر ہے،بورڈ آف پیس کے نتیجے میں 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بورڈ آف پیس کے پلیٹ فارم سے امن کےلئے عملی پیشرفت کی امید ،پاکستان رکن کی حیثیت سے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ اہداف کا حصول ممکن ہو اور فلسطین کے مظلوم عوام کی تکالیف کا خاتمہ کیا جا سکے، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپورحمایت کرتے رہیں گے۔
دریں اثنا ترکیہ، اسرائیل،بحرین نے غزہ امن بورڈ میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی،صدر طیب اردوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ترکیہ نے دستخطی تقریب میں شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا ،دستخطی تقریب میں شریک نہیں ہوسکوں گا، میری جگہ وزیر خارجہ نمائندگی کریں گے۔
ادھر بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم عالمی فورم کے رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے،بورڈ آف پیس عالمی رہنماوں پر مشتمل ہوگا ،مقصد بین الاقوامی تنازعات کے حل وامن کے امور پر کردار ادا کرنا ہے۔
علاوہ ازیں بحرینی وزارت خارجہ کے مطابق شاہ بحرین حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت کو قبول کر لیا ،فیصلہ صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے پر مکمل عملدرآمد کی حمایت کے عزم کی عکاسی ،منصوبہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کےلئے نہایت اہم ہے،امید ہے بورڈ آف پیس اپنے مقاصد حاصل کرے گا، تعاون کا فروغ، استحکام کی حمایت اور سب کےلئے ترقی و خوشحالی کا حصول شامل ہے۔
دریں اثناصدر ٹرمپ کی زیر صدارت بورڈ آف پیس کی باضابطہ تقریب جمعرات کوسوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوگی۔
















