اپوزیشن کیساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہیں: رانا ثناءاللہ

لاہور (مشرق نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلے بھی متعدد مواقعوں پر کہا کہ فوج کا مینڈیٹ یہ نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرے، مذاکرات سیاسی پارٹیوں میں ہی ہوتے ہیں اور یہ انہی کا مینڈیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ، جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے، اب پی ٹی آئی کی صوابدید ہے کہ وہ ڈائیلاگ کرتی ہے یا نہیں، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں وہ مذاکرات نہیں سٹریٹ موومنٹ چلانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی، انارکی اور افراتفری چاہتے ہیں، ان کا ایجنڈا واضح ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی کے کہنے پر ادھرادھر دوڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی، عوام ان کی ہڑتال کو بری طرح مسترد کریں گے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کے پی حکومت کا افغانستان کے حوالے سے موقف انتہائی غیر ذمہ دارانہ، قابل مذمت اور قومی مفادات کے خلاف ہے۔