کسان ترجیح،زرعی برآمدات میں اضافے کا لائحہ عمل بنایا جائے،وزیر اعظم
اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کسان حکومت کی ترجیح،زرعی برآمدات میں اضافے کا لائحہ عمل بنایا جائے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی زرعی برآمدات میں اضافے و زرعی شعبے کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے تشکیل کردہ نجی شعبے کے ماہرین پر مبنی ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا زرعی شعبے کی اصلاحات اور کسانوں کو عالمی سطح پر رائج اطوار سے متعارف کرانا حکومت کی ترجیح ہے، وفاقی حکومت زرعی شعبے میں اپنے دائرہ کار میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے کسانوں کو معیاری بیج، مناسب قیمت پر بروقت کھاد اور بیماری کی روک تھام کیلئے ادویات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، زرعی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات کے قابل اشیا کی تیاری کیلئے پالیسی سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، حال ہی میں چین میں سرکاری خرچ پر ایک ہزار پاکستانی طلبہ کو زراعت کی جدید ٹیکنالوجی کی تربیت کیلئے بھیجا گیا۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان کی زرعی شعبے میں ترقی کی بھرپور استعداد موجود ہے، موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے زراعت کی ترقی کیلئے تحقیق پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو،ماہی گیری اور پھلوں و ان سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار کیلئے پالیسی اقدامات تشکیل دے کر پیش کئے جائیں، آئندہ 5برس میں زرعی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی کامیاب نجکاری کو بارش کا پہلا قطرہ قرار دیا، نجکاری کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور پر اہم اجلاس ہوا، وزیر اعظم نے ہدایت کی نجکاری کمیشن میں نجی شعبے سے بہترین صلاحیتوں کے حامل متعلقہ افراد رکھیں جائیں ، تمام تر تعیناتیاں انتہائی شفاف انداز میں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں، نجکاری کمیشن کو ڈیجیٹلائز کرنے اور تمام نجکاری منصوبوں کا بین الاقوامی معیار کی فرم سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی کردی،شہباز شریف نے کہا نجکاری کمیشن میں پبلک ریلیشنز اور مارکیٹنگ کا شعبہ مزید بہتر بنایا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کو ابتدائی طور پر دو بیچز میں رکھا گیا ہے، پہلے بیچ میں اسلام آباد ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنیز جبکہ دوسرے بیچ میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری ہو گی، نجکاری کمیشن میں فائنانس، ایچ آر، قانون،آئی ٹی اورمیڈیا ایڈوائرز مارکیٹ سے بھرتی کئے جائیں گے، سٹرٹیجی ، پالیسی، ٹرانزیکشن اور پاور کے شعبوں کے کنسلٹینس بھی مارکیٹ سے ہی مقرر کئے جائیں گے۔

















