اسلام آباد، رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف کی رحیم یارخان میں یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات، دیرینہ تعلقات کو سٹرٹیجک، باہمی فائدے تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ، آئی ٹی، توانائی، معدنیات و دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات رحیم یارخان میں شیخ زیدپیلس میں ہوئی،اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاتارڑ ، طارق فاطمی سمیت دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے،دونوں رہنماو¿ں نے 26دسمبر کو اسلام آبادمیں ہونےوالی ملاقات سے متعلق خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔
دوران گفتگو وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا،اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماو¿ں نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات کے شعبوں سمیت دفاعی تعاون پر بھی باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی کو سراہا۔
وزیراعظم نے 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یو اے ای میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید النہیان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں متحدہ عرب امارات کی شان دار ترقی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی پر شکریہ ادا کیا،وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ ملاقات دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔
وزیراعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات، آئی ٹی، توانائی، معدنیات و دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
















