فوج ،عوام کے درمیان تفرقہ پیدا نہیں کرنے دینگے،کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی :(بیورورپورٹ) کورکمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں، سہولت کاروں ،معاونین کےساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت نمٹا جائےگا، قومی یکجہتی ، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے چاہے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنےوالے اداروں ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونےوالے معصوم شہریوں کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی،دہشتگردی واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش اور مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ ،بدلتے خطرات و آپریشنل تیاریوں پر خصوصی توجہ دی گئی،فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت ،قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حالیہ مہینوں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی پرعزم کاوشوں کوسراہا۔

سید عاصم منیر نے کہا حکومت ،پاک فوج کی مشترکہ کوششوں ،عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ملک بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع و عزت ،وقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات و آپریشنل تیاریوں پر زور ،دہشتگردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاقومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی، مسلح افواج ،عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں،بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے ،سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشتگردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں۔

شرکا کانفرنس نے پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کےلئے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور اورکشمیری عوام کے حق خودارادیت ،جائز جدوجہد کےلئے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا۔

فورم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی توثیق ،غزہ میں فوری و مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی ، فلسطینی ریاست کےلئے قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں ،میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پاک فوج کی قومی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کا مستقل تحفظ کرتے ہوئے کنونشنل اور سب کنونشنل سے لےکر ہائبرڈ و غیر متناسب چیلنجز تک کے خطرات کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔