ملک کے بالائی علاقوں میں بارش ، برف باری سے موسم شدید سرد، رابطہ سڑکیں بند

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا ،رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کےمطابق پشاور شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ درجہ حرارت 11 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔دیر لوئر اور دیر اپر کے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی، بن شاہی اور عشیرئی درہ میں ایک فٹ برف پڑ چکی ہے۔بارش اور برف باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں نے سیاحتی علاقوں کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں میں ہلکی بارش سے موسم شدید سرد ہوگیا جبکہ نتھیاگلی، ایوبیہ اور ڈونگا گلی میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش جاری رہی۔ گلگت بلتستان میں غذر کے بالائی علاقہ یاسین میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، صبح سے جاری برف باری کے باعث یاسین کی رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئیں جس سے عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔موٹروے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ،موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی مکمل بند کر دی گئی ہے، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ علاوہ ازیں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں شدید دھند کی صورتحال کے دوران مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، مغلپورہ، شاد باغ، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، شاہ پور کانجراں اور چوہنگ کے اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔صوبائی دارالحکومت میں بوندا باندی کے باعث حدِ نگاہ میں کمی بھی دیکھنے میں آئی ، سڑکیں پھسلن کا شکار ہو گئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔