بحریہ میں PNSخیبر کی شمولیت، دوستی تاقیامت رہے گی: اردوان
انقرہ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) پاک بحریہ کے دوسرے ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ ترکیہ میں ہوئی،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ،چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترکیہ برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان سچا ،کھرا اتحادی ملک ہے، دوستی تا قیامت تک جاری رہے گی،مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد PNS خیبر کی حوالگی کر رہے ہیں، پاک بحریہ کی ضروریات کو پورا کرنے کےلئے 4 ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا تھا،پہلا جہاز PNS بابر 24 مئی 2024 کو پاکستان کے حوالے کیا گیا، تیسرا جہاز PNS بدر جون 2026 کے اختتام ،چوتھا جہاز PNS طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاک بحریہ کے حوالے کیا جائےگا۔
اردوان نے کہا جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس جہاز پاک بحریہ کےلئے باعث تقویت ہوں گے،دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوگی،مستقبل میں بھی دفاعی پیداوار کے میدان میں باہمی تعاون کو بڑھانا ہوگا،ہدف ہے 2028کےلئے دفاعی و ہوابازی کی برآمدات میں 11 ارب ڈالر تک پہنچ کر دنیا کے اولین 10ممالک میں شامل ہوں۔
ترکیہ کے صدر نے کہا تمام تر منفی پروپیگنڈے کے باوجود ترکیہ نے دفاعی سفر کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ نمایاں کامیابیاں حاصل کیں،ترکیہ کی کسی کے علاقے یا خودمختاری پر نظر نہیں ،امن، استحکام و انصاف کے خواہاں ہیںتاہم اپنے حق ،خودمختاری کے تحفظ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس اسفات، استنبول نیول شپ یارڈ ، پی این ملجم جہازوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن و تعمیر میں شامل دیگر کمپنیوں کی کام میں مہارت کااعتراف کرتے ہوئے پاکستان ،ترکیہ کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا دونوں ممالک کی بحریہ کے دو طرفہ روابط نہ صرف دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پائیدار و گہری شراکت داری کے عکاس بھی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ترکیہ کے صدر نے جہاز کا دورہ کیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،جہاز کے عملے سے ملاقات بھی کی،ترک صدر ، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی بحری سکیورٹی صورتحال و مستقبل میں دونوں ممالک کی بحری افواج کے مشترکہ اقدامات کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا،پاکستان ،ترکیہ کے اعلیٰ عسکری حکام نے بھی خطاب کیا، یادگاری تصاویر بنوائی گئیں ،جہازوں کے کمانڈرز کو پرچم و علامتی نشانات حوالے کیے گئے۔
دریں اثنا صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ میں پاک بحریہ کے جدید جنگی جہاز کی شمولیت کو قومی بحری دفاع کےلئے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا پی این ایس خیبر کی کمیشننگ پر پاک بحریہ، دفاعی ماہرین ،تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتا ہوں،جدید بحری جہاز کی شمولیت سے سمندری سرحدوں کے تحفظ کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔
زرداری، شہباز نے کہا پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے،دفاعی صنعت میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دیں گے،بحری طاقت میں اضافہ ملکی معیشت، تجارت و سمندری راستوں کے تحفظ کےلئے ناگزیر ،ملجم کلاس جہازوں کا منصوبہ دونوں ممالک کی تکنیکی مہارت ،مشترکہ ویژن کی کامیاب مثال ہے۔
















