9مئی کے مزید 2مقدمات کافیصلہ، یاسمین راشد ودیگر کو10،10سال قید


لاہور: (کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی رہنماﺅں یاسمین راشد، اعجاز چودھری ،میاں محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ کو گاڑیاں ،کنٹینر جلانے کے کیس میں بھی 10،10سال قید کی سزا، انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔

میاں اسلم اقبال سمیت 12اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دےدیا،ملزموں میں مراد سعید، زبیر نیازی، علی حسن نواز، شبیر حسین، عزیز الرحمن، ظریف خان، صیاد خان، جاوید، عبدالصمد، حماد اظہر اور واثق قیوم شامل ہیں۔

فیصلے کے مطابق ملزموں پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے،37 گواہوں کی شہادت ریکارڈ کرائی گئی،شاہ محمود قریشی کا مقدمے میں ابھی چالان جمع نہیں ہوا ،سپلیمنٹری چالان آنے پر شاہ محمود قریشی کا ٹرائل دوسرے مرحلے میں ہوگا،عدالت نے 5ملزموںسجاول ندیم، زمان قادری ، شہروز ،کبیر ، علی حسن کو بری کر دیا۔

دریں اثنا ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثرعمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہامقدمات معمول کی کارروائی کےلئے مقرر تھے ،مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، ایک بار پھررات کے اندھیرے میں سزائیں سنائی گئیں، کوٹ لکھپت جیل میں قید اسیروں کے حوصلے بلند ہیں،سزاوں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔