پاک تاجک ثقافتی و میڈیا تعاون،عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ،تاجکستان نے ثقافتی و میڈیا تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق کرلیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے تاجکستان کی وزیر ثقافت ستاریون مطلوبخون امون زودہ نے ملاقات کی ،دوطرفہ تعاون، ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک، میڈیا روابط کے فروغ ،باہمی تعلقات و دوطرفہ ادبی ، ثقافتی ورثے کے تحفظ ، فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ثقافتی، میڈیا تعاون و عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
عطا تار ڑ نے کہاپاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائےگا، پاک تاجک کلچرل فیسٹیول جیسے پروگرام عوام کے درمیان رابطوں ،ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کےلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط قدیم، گہرے تاریخی و ثقافتی روابط ہیں، پاکستان ثقافتی سفارتکاری کو بہت اہمیت دیتا ،ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔
تاجکستان کی وزیر ثقافت نے تاجک فیسٹیول ویک کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تاجکستان پاکستان کےساتھ ثقافتی تبادلے و ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں قریبی تعاون کو جاری رکھے گا، مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے اجاگر کیا جائےگا۔
ملاقات میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز و دیگر بھی موجود تھے۔

















