چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے مستعفی ہونے کی تجویز دی،جسٹس طارق جہانگیری
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس طارق جہانگیری نے الزام عائد کیا ہے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ڈگری کیس میں مستعفی ہونے کی تجویز دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بنچ سے الگ ہونے کی درخواست دائرکرتے ہوئے جسٹس طارق جہانگیری دعویٰ کیا چیف جسٹس نے چند دیگر کے علاوہ ڈگری کیس میرے ساتھ ڈسکس کیا،چیف جسٹس نے تسلیم کیا ڈگری کیس جلد سننے کا پریشر ہے، مجھے بلواسطہ ،بلاواسطہ تجویز دی پوسٹ ڈیٹ استعفیٰ دے دوں، تجویز کیا میں استعفیٰ دیکر چیف جسٹس کے سپرد کر دوں، کہا گیا اقدام سے پریشر کم ہو جائے گا۔
جج نے کہازیر التوا معاملے پر بات چیت کے بعد چیف جسٹس بنچ میں بیٹھنے کے اہل نہیں رہے، الگ ہو جائیں ،زیر التوا مقدمہ ڈسکس کرکے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی گئی،پریشر آنے کے بعد کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق چلنا چاہیے تھا، چیف جسٹس نے کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کی بجائے فیلو جج پر پریشر ڈال کر استعفے کا مشورہ دیا،جسٹس سرفراز ڈوگر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر کردی، چیف جسٹس کو ڈگری کیس کی سماعت سے معذرت کرنی چاہیے۔
دریں اثناجسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکمنامہ وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا،درخواست میں موقف اپنایا گیا اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست قابل سماعت نہیں، رٹ کو خارج کیا جائے،شواہد ریکارڈ کئے بغیر ہائیکورٹ ایل ایل بی ڈگری کا معاملہ نہیں دیکھ سکتی۔
مزید برآںجسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے وکلا اکرم شیخ ،بیرسٹر صلاح الدین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائرکردیں،موقف اختیار کیا گیاچیف جسٹس کے علاوہ جو 2 اور ججز ٹرانسفر ہو کر آئے ،فل کورٹ کا حصہ نہ بنایا جائے۔

















