وزیراعلیٰ کے پی نے شہید فورسز کے ورثا کیلئے مالی امداد بڑھادی

پشاور:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید فورسز کے ورثا کےلئے مالی امداد میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا۔

سہیل آفریدی سے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں خیبر پختونخوا سے شہید فورسز کے ورثا کی ملاقات ہوئی،سہیل آفریدی نے شہدا کے ورثا کےلئے امدادی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ اور زخمی اہلکاروں کےلئے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر25 لاکھ روپے کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاخیبر پختونخوا کے عوام کی لازوال قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں، حق کی راہ میں شہید کبھی نہیں مرتے، شہادت مسلمان کےلئے سب سے اعلیٰ اور مثالی موت ہے،شہدا فخر ہیں، خیبر پختونخوا حکومت بھرپور خیال رکھے گی۔

دریں اثناوزیر اعلی سہیل آفریدی نے صوبے بھر کی جیلوں میں جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث قید افراد کے جرمانے ادا کرنے ، سنٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کی سہولیات بہتر بنانے کےلئے 2کروڑ روپے دینے،تمام جیلوں کی سولرائزیشن سمیت قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی خصوصی معافی کا اعلان کردیا،اعلانات پشاور سنٹرل جیل کے تفصیلی دورے کے موقع پر کئے گئے۔