سپریم کورٹ نے زیادتی کیس کے ملزم کی سزا20 سے کم کر کے5 سال کر دی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے زیادتی کیس میں ملزم کی سزا 20 سے کم کر کے 5 سال کر دی۔

جسٹس شہزاد احمد نے اکثریتی فیصلے میں لکھا واقعہ کا مقدمہ 7 ماہ کی تاخیر سے درج کیا گیا ، متاثرہ خاتون نے واقعہ کے وقت مزاحمت نہیں کی، طبی معائنے میں تشدد یا مزاحمت کے نشانات سامنے نہیں آئے، کیس زبردستی زیادتی کا نہیں بنتا۔

جسٹس صلاح الدین نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا اور اختلافی نوٹ میں لکھا متاثرہ لڑکی کی عمر تقریباً 24 سال تھی، واقعہ کے نتیجے میں بچہ پیدا ہوا، تصدیق ڈی این اے رپورٹ سے ہوتی ہے، جنسی جرائم کے مقدمات میں تاخیر غیر معمولی بات نہیں، معاشرتی دباو¿ ،خوف کے باعث متاثرہ خاتون رپورٹ درج کرانے میں تاخیر کر سکتی ہے، اسلحہ کی موجودگی میں مزاحمت نہ ہونا فطری عمل ہو سکتا ہے، 7 ماہ بعد طبی معائنہ مزاحمت کے نشانات ظاہر نہیں کر سکتا، زیادتی ثابت نہ ہونے سے خود بخود رضا مندی ثابت نہیں ہوتی، صرف سزا کم کرنے کےلئے جرم کی دفعہ تبدیل نہیں کی جا سکتی۔