اسرائیلی بربریت نے غزہ کوانسانیت و عالمی ضمیر کا قبرستان بنا دیا،اسحاق ڈار
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے عالمی قانون کے مطابق جنگی جرائم و نسل کشی پر اسرائیل کی جوابدہی ناگزیر،بے دریغ بربریت نے غزہ کو انسانیت و عالمی ضمیر کا قبرستان بنا دیا، صورتحال کو برداشت نہ ہی بغیر انصاف چھوڑا جا سکتا ہے۔
اپنے پیغام میں اسحا ق ڈار نے کہا پاکستان فلسطینی عوام کے وقار، آزادی و ناقابل تنسیخ حقوق کےلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا، فلسطین میں انسانی مصائب کی غیر معمولی شدت پر عالمی برادری فوری موثر ردعمل دے، نسل در نسل فلسطینی عوام نے منظم بے دخلی، جارحیت و تشدد اور تباہ کن محرومیوں کا سامنا کیا،گھروں، سکولوں، ہسپتالوں ،بنیادی سہولیات نے مسلسل آزمائش کا سب سے زیادہ بوجھ اٹھایا،نازک مرحلے پر حالیہ سفارتی کوششیں خصوصاً دو ریاستی حل پر اعلیٰ سطحی کانفرنس و غزہ امن منصوبہ تشدد کے نہ ختم ہونےوالے سلسلے کو روکنے ،پائیدار امن کے حصول کا حقیقی موقع فراہم کرتی ہیں،ضروری ہے عالمی برادری مستقل جنگ بندی کو یقینی بنائے۔
نائب وزیراعظم نے کہا اسرائیل انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی ،تمام افواج کو مکمل طور پر غزہ سے واپس بلائے اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں خصوصاً یو این آر ڈبلیو اے (یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی)کے کام میں پوری طرح سہولت فراہم کرے،مغربی کنارے میں جاری سنگین صورتحال کا حل بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے،اسرائیلی غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ،پائیدار امن ،دو ریاستی حل کی راہ میں براہ راست رکاوٹ ہیں،پاکستان مسئلے کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کےلئے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے جو متعلقہ سلامتی کونسل ،جنرل اسمبلی قراردادوں کے مطابق ہے۔

















