بنوں: امن کمیٹی کے دفتر پر حملہ، 7 افرادشہید، کے پی:13دہشتگرد جہنم واصل


پشاور ،بنوں،لکی مروت :(بیورورپورٹ) بنوںمیں امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ ، 7 افراد شہید ،کے پی میں2کمانڈر سمیت 13دہشتگرد جہنم واصل،فتنہ الخوارج سے امریکی ، نیٹو افواج کا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔

بنوں میں دہشتگردوں نے حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، مقتولین میں دانش، کامران، ولی ، سفیان، نیاز، نعمان اور سفیان شامل ہیں،لاشوں ،زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے امن کمیٹی کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، بزدلانہ کارروائیاں عوام کے بلند حوصلے کو غیر متزلزل نہیں کر سکتیں،ناسور کاخاتمہ کرکے دم لیں گے

دوسری جانب پہاڑ خیل پکہ میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 10 دہشت گرد ہلاک، 2 اہم کمانڈر بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دوسری کارروائی کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا،آپریشن کلیئرنس کے دوران 7 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، 3 لاشیں بیٹنی پہاڑوں کے قریب ہونے اور شدید فائرنگ کے باعث نہیں نکالی جا سکیں۔

دریں اثنا پاک فوج ، قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں سے افغانستان میں استعمال ہونے والا امریکی اور نیٹو افواج کا اسلحہ برآمد کرلیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسزکی جانب سے کارروائیاں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کی گئیں، دہشت گردوں سے افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کا استعمال شدہ اسلحہ میڈیا کے سا منے پیش کردیاگیا ، برآمدکیے گئے اسلحے میں ایم 4، ایم 16 ، نائٹ وژن گاگلز، امریکی فوج، نیٹو کے زیر استعمال اعلیٰ کوالٹی کا دھماکہ خیز مواد ، تاریں اور جدید اسلحہ شامل ہے۔

چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں سے فتنہ الخوارج بہت فاصلے سے پاک افواج کو رات کے وقت بھی نشانہ بنا سکتے ہےڈ، امریکی ہتھیاروں میں سٹیل ہیڈ گولیاں بھی شامل ہیں جو بلٹ پروف جیکٹ کے اندر سے بھی گزر سکتی ہیں،امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے وقت اسلحہ چھوڑ دیا گیا تھا ، دہشتگرد اسلحہ پاکستان میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کےخلاف استعمال کر رہے ، ہتھیاروں پر صاف لکھا امریکی حکومت کی ملکیت ہیں۔