آئینی عدالت کا کردار مقدس امانت ،بنیادی حقوق کا تحفظ ترجیح ہوگا،جسٹس امین الدین
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے وفاقی آئینی عدالت کا کردار مقدس امانت ہے ،فیصلے شہریوں کی زندگیوں، آزادیوں اور امنگوں پر براہ راست اثر انداز ہوں گے،عدالت آئین کی تشریح شفافیت، آزادی اور دیانت کےساتھ کرے گی،بنیادی حقوق کا تحفظ ترجیح ہوگا۔
اپنے پہلے پیغام میںچیف جسٹس امین الدین خان نے کہا آئین کی تشریح شفافیت، آزادی اور دیانت کے ساتھ کی جائےگی،شفافیت ،عوامی رسائی اہم سنگ میل ہے،عدالت کو نہایت اہم،نازک فریضہ سونپا گیا ،عدالت کا کردار صرف قضائی نہیں بلکہ مقدس امانت ہے جو قوم کے شہریوں کی زندگیوں، آزادیوں اور امنگوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے، ادارہ جاتی سفر کے آغاز پرعزم ہے ایسا عدالتی فورم قائم کیا جائے جو دیانت، غیر جانب داری اور علمی بصیرت کی اعلیٰ مثال ہو۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا سامنے آنے والا ہر معاملہ آئین کی بالادستی، انصاف کے اصولوں اور عدالتی وقار کے ساتھ غیر معمولی احتیاط اور منصفانہ انداز میں نمٹایا جائے گا،ایسی عدالتی روایت تشکیل دینے کی خواہش رکھتے ہیں جو مدلل فیصلوں، ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد پر مبنی ہو یہی خصوصیات کسی بھی آئینی عدالت کی بنیاد ہوتی ہیں،ادارے کی بنیادوں کی تشکیل میں حصہ ڈالنے کا موقع ملا ، دلی خواہش ہے وفاقی آئینی عدالت آئینی بالادستی کی محافظ اور آنے والی نسلوں کےلئے عدل و انصاف کی مضبوط علامت بن کر قائم رہے۔
















