ترقی کی رفتار ہردن بہتر،ٹیکس وصولی نظام میں خامیوں کو دور کیاجائے،شہبازشریف
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے معاشی ترقی کی رفتار ہردن بہتر ، ٹیکس چوری روکنے، تمباکو، ٹائلز و دیگر بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی نظام میں موجود خامیوں کو مرحلہ وار موثر انداز میں ختم کرنے کےلئے انتظامی و ادارہ جاتی اقدامات اٹھا ئے جائیں۔
ملکی ٹیکس نظام میں اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ٹیرف اصلاحات، مثبت رجحانات ، ایف بی آر کو جدید، شفاف و بہتر بنانے کے حکومتی اقدامات درست ہونے کا ٹھوس ثبوت ہیں، تازہ ترین معاشی اعدادوشمار نے حکومتی معاشی اصلاحات کو درست ثابت کردیا،معاشی ترقی کی رفتار ہر دن بہتر،شواہد کاروباری برادری ،قوم کے سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا رواں سال اصلاحات کا کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا ،درآمدی سطح پر ڈیوٹی ،ٹیکس وصولی 25فیصد بڑھی، اصلاحات کے عمل پر موثر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ پاکستان معاشی مشکلات کے گرداب سے نجات پائے اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حقیقی طورپر پورا کرنے میں کامیاب ہو۔
















