سابق خاتون اول بشریٰ پر برطانوی جریدے کی رپورٹ سے بھونچال

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور:(بیورورپورٹ،خبر نگار،سٹاف رپورٹر)سابق خاتون اول بشریٰ پر برطانوی جریدے کی رپورٹ سے بھونچال،ن لیگ ،پیپلز پارٹی نے ردعمل دیتے ہوئے کہاجعلی پیرخانے ،روحانیت میں چھپی شیطانیت سے پردہ اٹھ گیا،پی ٹی آئی نے بشریٰ کیخلاف آرٹیکل کو سپانسرڈ،کردارکشی قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہالندن کے معروف جریدے نے رپورٹ میں کہا عمران نیازی حکومت میں فیصلے اہلیت ،گورننس یا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ روحانیت کا لبادہ اوڑھے اہلیہ کرتی رہیں،بشریٰ بتاتی تھیں کون سی تعیناتی کہاں ،کون سے ملک کےساتھ اچھے تعلقات اور کون سے ملک سے فاصلہ رکھنا ہے اسی بنیاد پر بزدار کو وزیر اعلیٰ لگایا گیا،ملک کے بہت سے اہم فیصلے توہم پرستی کے تحت کئے گئے ۔

عطا تارڑ نے کہابانی پی ٹی آئی فیصلے ایکسپرٹ نہیں بشریٰ سے پوچھ کر کرتے تھے،عمران خان کی سیاست منافقت، جھوٹ اور بہتان کے سوا کچھ نہیں ،شہباز شریف پر جھوٹا الزام لگایا ، شہباز شریف نے عدالت میں پیش ہو کر پی ٹی آئی وکیل کے سوالوں کا جواب دیا، بانی پی ٹی آئی نے مختلف فورمز پر شہباز شریف پر الزامات دہرائے اب دنیا کے جریدے کہہ رہے ہیں بانی کے فیصلوں کے پیچھے جھوٹ ،بہتان کا نظام تھا۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا اکانومسٹ نے وہی لکھا جو بتاتے رہے ، بانی پی ٹی آئی نے اقتدار میں قابض رہنے کےلئے سازشیں کیں ،پی ٹی آئی نے بھارت ،اسرائیل سے فنڈنگ لی،پی ٹی آئی کے حامی آرٹیکل بار بار پڑھیں، 1992 کے بعد عمران خان کی صرف ایک ہی کوشش تھی اقتدار میں آ جائیں۔

حنیف عباسی نے کہاعوام کو خدمت کا درس دینے والے خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے تھے، موجودہ وزیراعظم کا پوری دنیا میں استقبال جادو ٹونے کی بنیاد پر نہیں ہوتا،عمران دور میں اقتدار جادوگرنی کے ہاتھوں میں رہا، کالے جادو پر یقین رکھنے والی خاتون کا سب پر قبضہ ہو گیا، دھوکے دے کر لوگوں سے پیسے کماتے رہے،آئینی فیصلوں سے لےکر کابینہ کی تشکیل تک سب بشریٰ پیرنی کے ہاتھوں میں تھا۔

وزیر ریلوے نے کہا عمران خان ایک نشست کےلئے پرویز مشرف کی منتیں کرتا رہا،بانی پی ٹی آئی کے دور میں بشریٰ کے کہنے پر تقرر وتبادلے ہوئے، آفس آنے اور جانے کا وقت بھی پیرنی طے کرتی تھی،نیازی کے دور میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے۔

وزیرمملکت طلال چودھری نے کہا اندازہ لگالیں جادو ٹولے سے چلنے والی حکومت نے ملک کےساتھ اور کیا کیا کیا ہوگا،بشریٰ سیاسی اور بانی پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنے کا حصہ تھیں،بزدار سے لےکر اہم ترین تقرری تک جادو ٹونے سے کام ہوتا رہا، گوگی، پنکی والا گٹھ جوڑ تھا،ہیرے کی انگوٹھی، پلاٹ، 190 ملین پاو¿نڈ میں بشریٰ ملوث رہیں، کرپشن کی غضب کہانی نے بنی گالہ کو منی گالہ بنایا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا 4سال تک کوچ ،پیرنی نے بانی پی ٹی آئی کو بیوقوف بنایا، تبدیلی ،کرپشن کے خاتمے کے دعویدار سے بشری حلال کرپشن کراتی رہیں،جریدے کی بشریٰ پر رپورٹ 100 فیصد درست و حقائق کے مطابق ہے،بانی پی ٹی آئی کے بعد بشریٰ کے کارناموں کے چرچے عالمی میڈیا میں ہو رہے ہیں، رپورٹ نے جعلی پیرخانے ،روحانیت میں چھپی شیطانیت سے پردہ اٹھادیا ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پنکی، گوگی، کوچ اور بزدار نے ملکر بانی پی ٹی آئی کو 4 سال ڈگڈی پر نچایا، جادو ٹونے سے جعلی پیرخانے چلتے ہیں، ملک ،معیشت نہیں ،مخالفین کو دیوار میں چنوانے والوں کی روحانیت 3 سال سے دفن ہوگئی،مریم نواز ،رانا ثناکو بشریٰ کی فرمائش پر مینٹل ٹارچر کیا جاتا تھا، مریم نواز کی حکومت میں بشریٰ کو جیل میں بی کلاس سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں، اپنا اپنا ظرف ہے۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا شرم آتی ہے ہر ، تقرر،ی کابینہ کے فیصلے تک بشریٰ کرتی تھیں،عجیب و غریب چیزیں سامنے آرہی ہیں، کافی لوگوں نے کہانی سنائی اورتصدیق بھی کردی،غیر منتخب خاتون کے اشارے پر سب کچھ ہو رہا تھا،شیری رحمن نے کہابشریٰ حساس اداروں سے معلومات لےکر کہتی رہیں میری روحانی پیشگوئی ہے،کوئی ناپسندیدہ ہو تواگلے دن برطرف کیا جاتا تھا،شرم آنے کےساتھ تشویش بھی ہوتی ہے بات کس سطح تک جا پہنچی تھی، جہاز کے اڑنے کا وقت بھی بشریٰ متعین کرتی رہی۔

وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے کہابرطانوی جریدے کے آرٹیکل میں جو بھی چھپا بالکل درست ، شرمناک ہے وزیراعظم سرکاری فیصلے بیوی سے پوچھ کر کرتے تھے،25کروڑ عوام کا مذاق بنایا گیا ،ملک کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا بشریٰ پرآرٹیکل سپانسرڈ،شرانگیزی ،جھوٹ پر مبنی،کردار کشی کی گئی،جریدے کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے،بشریٰ بہادری کےساتھ جیل میں ہیں،عدت میں شادی جیسے گھٹیا الزامات کی طرح من گھڑت کہانی ہے، ہتھکنڈوں سے بشریٰ کو توڑا نہیں جاسکتا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا سپانسرڈ آرٹیکل کا مقصد بشریٰ ،بانی پی ٹی آئی کی کردار کشی ہے،بی بی سی نے امریکی صدر کی تقریر کو غلط ایڈٹ کرنے پر معافی مانگی، وقت ثابت کرے گا نئی باتیں بھی غلط بیانی پر مبنی ،بے بنیاد ہیں، آرٹیکل کا آنا شرانگیزی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے رپورٹ کو من گھرٹ قرار دیتے ہوئے کہا بشریٰ کےخلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے، ساکھ خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی،سابق خاتون اول جیل میں رہ کر بھی مثالی قوت برداشت دکھا رہی ہیں، قربانیوں کا دور جلد ختم ، انصاف ضرور ملے گا،جیل میں غیر قانونی قید کے باوجود بشریٰ کا حوصلہ بلند،جھوٹے الزامات کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔