لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ذیابیطس ایک خطرناک اور خاموش دشمن ہے جس پر احتیاط، آگاہی اور نظم زندگی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری سے مزید موثر جنگ کی متقاضی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کوشاں ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار ٹائپ-ون شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کٹس ان کے دروازے تک پہنچائی جا رہی ہیں۔مریضوں کی سہولت کی خاطر تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صحت مند زندگی گزارنے کیلئے ہمیں ایک صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہو گا۔ متوازن غذا،باقاعدہ ورزش اور بلڈ شوگر کا تسلسل سے معائنہ ہی ذیابیطس سے چھٹکارے کا واحد حل ہے۔ دوسری طرف محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں کینسر اور امراضِ قلب میں مبتلا مریضوں تک مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر ساملی مری، ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے رجسٹرڈ مریضوں تک ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کینسر اور امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو ان کے گھروں تک ادویات کی مفت فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے پارسلز کی لائیو ٹریکنگ بھی کی جارہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے مریضوں تک ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔جنوری 2025 سے اکتوبر 2025 تک کینسر اور امراض قلب میں مبتلا 5 لاکھ 22 ہزار سے زائد مریضوں کو رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔گنجان آباد علاقوں میں بسنے والے مریضوں نے ادویات کی وصولی پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ دور دراز کے علاقہ جات میں کینسر اور امراضِ قلب میں مبتلا مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کی جا رہی ہے۔اس منصوبے کا دائرہ کار رورل ایریاز تک وسیع کیا گیا ہے۔
کینسر، امراض قلب کے مریضوں کو گھروں میں ادویات مل رہی ہیں: خواجہ سلمان رفیق
















