وفاق پاک افغان خارجہ پالیسی میں مشاورت کرے،کے پی امن جرگہ

پشاور:(بیورورپورٹ) وفاق پاک افغان خارجہ پالیسی میں صوبے سے مشاورت کرے،خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہونےوالے امن جرگے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

جرگے میں پی ٹی آئی ،عوامی نیشنل پارٹی، پیپلزپارٹی ،جماعت اسلامی سمیت مختلف جماعتوں کے وفود نے شرکت کی،شرکا کیلئے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، استقبال سپیکربابرسلیم سواتی ، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباد اللہ نے کیا،گورنرفیصل کریم کنڈی، سابق گورنرغلام علی ،محمود خان کو پولیس کے دستے نے سلامی دی،میاں افتخار، سراج الحق، آفتاب شیرپاو ،عطا الرحمن کو بھی گارڈ آف آنرپیش کیاگیا،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے امن جرگے کا اعلامیہ پڑھا ،سپیکر سمیت 21 جرگہ ممبران کے دستخط موجود ہیں۔

اعلامیے کے مطابق امن جرگہ متفقہ طورپرضم اضلاع سمیت صوبے میں جاری دہشتگردی کی مذمت کرتاہے ، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے صوبائی اسمبلی کواعتماد میں لیکر ہر قانونی راستہ اپنایا جائےگا،صوبائی اسمبلی کی متفقہ قراردادوں پر فوری عملدرآمد کیاجائے،صوبے میں پولیس ،سی ٹی ڈی داخلی سلامتی کی قیادت کریں گی، پولیس ضرورت کے مطابق آئینی طور پرباقی اداروں سے معاونت طلب کرسکتی ہے۔

متفقہ اعلامیے میں کہا گیا حکومت صوبے میں امن وامان کی مخدوش صورتحال میں پولیس ،سی ٹی ڈی کوخصوصی مالی معاونت فراہم کرے گی،بھتہ خوری ،غیر قانونی محصولات کے خاتمے کیلئے مربوط پالیسی تشکیل، صوبائی سطح پرامن فورم قائم ،مقامی حکومتوں کے استحکام ،مالی تحفظ کیلئے آئینی ترمیم ،صوبائی فنانس کمیشن کو قومی فنانس کمیشن کےساتھ منسلک،وفاق ،صوبائی حکومت کے درمیان تناو¿ کم ،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آئینی مدت کے مطابق بلایا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا جرگہ تجویزکرتا ہے صوبائی حکومت ،اسمبلی صوبائی ایکشن پلان مرتب کرے ،پاک افغان بارڈر کو تجارت کےلئے فی الفور کھولا جائے، پاک افغان خارجہ پالیسی میں وفاق صوبائی حکومت سے مشاورت کرے۔

قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہابند کمروں سے نکل کر سیاستدانوں کےساتھ ملکر فیصلے کرنا ہوں گے،تمام شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں،چاہتے ہیں آپ سب دہشتگردی کا حل دیں، امن لانے کےلئے صوبائی حکومت ساتھ دے گی،این ایف سی شیئر کے 400 ارب نہیں مل رہے ،پاک افغان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا ، جنگ آخری آپشن ہونا چاہیے، خیبرپختونخوا سے کا ناسور مکمل طور پر ختم ہو جائےگا، سیاست ہر ایک کی اپنی اپنی ہے لیکن امن مشترکہ ہے، بم پھٹتا ہے تو نہیں دیکھتا مرنے والا پی ٹی آئی کا ہے یا پیپلز پارٹی کا، اجلاس میں بیٹھے ہر فرد نے قربانی دی۔

سہیل آفریدی نے کہا دہشتگردی کیخلاف عوام، سیاستدان ، سکیورٹی فورسز سب نے قربانیاں دیں،دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے،بار بار امن کی بات کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگوں کو برا لگتا ہے،تمام سیاسی جماعتوں نے جرگے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا،سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،دہشتگردی کےخلاف طویل المدتی پالیسی اپنانا ہوگی،سیاستدانوں، سکیورٹی فورسز و دیگر سٹیک ہولڈرز کو ساتھ بیٹھا کر پالیسی بنائی جائے۔

دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ملکر نہیں بیٹھیں گے تو مسئلے کا حل نہیں نکلے گا، صوبے بھر کو ایک ہال میں جمع کرنے پر سپیکر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سمجھتا ہوں ماضی بھلاکرمستقبل کا سوچنا ہو گا،خوش قسمتی ہے یا بدقسمتی پڑوس میں افغانستان ہے،تمام شعبہ زندگی کے لوگوں نے شہادتیں دیں، جب تک صوبائی حکومت، وفاق ،سکیورٹی ادارے ساتھ نہیں بیٹھتے امن و ترقی ممکن نہیں، صوبے کا حق حاصل کرنے کےلئے صوبائی حکومت کےساتھ ہیں۔